Home » بیرون ملک اسکالرشپ کیسے حاصل کی جائے – ایک آسان گائیڈ/Getting scholarship abroad (Urdu)

بیرون ملک اسکالرشپ کیسے حاصل کی جائے – ایک آسان گائیڈ/Getting scholarship abroad (Urdu)

دنیابھر کے بہت سے طلباء بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا خواب دیکھتے ہیں کیوں کہ تعلیم کے لئے کسی نئے ملک جانا نہ صرف تعلیمی لحاظ سے فائدہ مند ہے بلکہ یہ کسی شخص کی ثقافتی سطح کی سوچ کو وسیع کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ تاہم بنیادی طور پر مختلف ممالک میں تعلیم کے بھاری اخراجات کی وجہ سے ہر ایک کے لئے تعلیم کے لئے بیرون ملک جانا آسان نہیں ہے۔

ان حالات میں زیادہ تر طلباء اپنی تعلیم میں مالی اعانت کے لئے اسکالرشپ پروگرامز کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ دنیا بھر میں مستحق طلباء کی سہولت کے لئےمختلف حکومتیں، غیرسرکاری تنظیمیں اور یونیورسٹیاں مختلف اسکالرشپ سکیمیں پیش کرتی ہیں۔ ان میں سے کچھ پروگرام طلباء کو مکمل مالی مدد فراہم کرتے ہیں جبکہ دیگر صرف جزوی مالی مدد فراہم کرتے ہیں۔ چونکہ طلباء کی ایک بہت بڑی تعداد اسکالرشپ پر بیرون ملک جانے کی خواہش مند ہے اس لئے مقابلہ انتہائی سخت ہے۔

اسکالرشپس طلباء کو ان کے مجموعی پروفائل کی بناء پر دیے جاتے ہیں اور یہ سچ ہے کہ اسکالرشپ حاصل کرنے میں ایک طالب علم کا تعلیمی پسِ منظر اہم کردار ادا کرتا ہے، تاہم بہت سے طلباء کو کبھی کبھار بہترین پروفائل رکھنے کے باوجود بھی منتخب نہیں کیا جاتا۔ وقت پر کام مکمل نہ کر سکنا اور نامکمل دستاویزات سے لے کر غیر تسلی بخش تیاری تک، اس ناکامی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ اگرچہ کوئی بھی چیز اسکالرشپ حاصل کرنے کی گارنٹی نہیں دے سکتی لیکن مناسب طریقے سے درخواست دینے کے بارے میں علم کسی بھی امیدوار کی کامیابی کے امکانات میں بہت حد تک اضافہ کر سکتا ہے۔ بیرون ملک اسکالرشپس کے لئے درخواست دینے (اور ممکنہ طور پر کامیابی کے لئے ) ایک آسان گائیڈ یہ ہے۔

1۔ تلاش شروع کریں

اگر آپ نے اسکالرشپ کے لئے درخواست دینے کا فیصلہ کر لیا ہے لیکن آپ غیریقینی کا شکار ہیں کہ اس کا آغاز کہاں سے کریں تو مختلف اسکالرشپ سکیموں کی تلاش شروع کیجئے۔ایسا کرنے کے لئے گوگل کا استعمال بہترین طریقہ ہے جو آپ کو ہزاروں کی تعداد میں نتائج فراہم کرے گا۔ تلاش کے دوران وقت بچانے کے لئے صرف اپنے موضوع تک محدود رہیں، مثلا اگر آپ سوشیالوجی کے طالب علم ہیں اور گریجویٹ اسکالرشپ کی تلاش میں ہیں تو متعلقہ نتائج حاصل کرنے کے لئے “سوشیالوجی، گریجویٹ، اسکالرشپس” جیسے کی ورڈز استعمال کریں۔ اس کے بعد یہ دیکھیں کہ کونسی اسکالرشپ سکیمیں مکمل مالی امداد فراہم کرتیں ہیں اور کون سی صرف جزوی اور اسی لحاظ سے اپنی پسندناپسند ترتیب دیں ۔

ایک اور اہم ذریعہ فیس بک ہے۔ فیس بک پر بہت سے پیجز اور گروپس ہیں جو صرف اور صرف تعلیمی اسکالرشپس کے لئے وقف ہیں۔ فیس بک کے گروپوں کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ آپ اسی طرح کی مختلف اسکالرشپس کے لئے دراخواست دینے والے مختلف ممالک کے ساتھی طلباء کو تلاش کر سکتے ہیں، لہٰذا آپ ان گروپوں سے بہت سی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈھونڈیں اور تمام ضروری معلومات حاصل کریں

جب آپ اسکالرشپ کی تلاش کے لئے فیس بک گروپس یا گوگل استعمال کر کے اپنے لئے سب سے زیادہ متعلقہ معلومات حاصل کر کے اس کو ترتیب دے دیتے ہیں تو اس کے بعد ہر اسکالرشپ پروگرام کی انفرادی ضروریات تلاش کریں۔ ہر پروگرام کی مختلف شرائط ہوتی ہیں لہذا انہیں توجہ سے پڑھیں۔ اس کے بعد دیکھیں کہ(دراخواست دینے کی) آخری تاریخ کیا ہے اور اس کے لئے کون کون سی دستاویزات درکار ہیں۔ کچھ اسکالرشپ پروگرامز میں عمر اور علاقے کی حد بھی مقرر ہوتی ہے لہٰذا اس کا بھی خیال رکھیں۔

اپنی درخوست تیار کرنا شروع کریں

یہ فیصلہ کرنے کے بعد کہ آپ کس اسکالرشپ کے لئے دراخواست دینا چاہتے ہیں، اب آپ نے تمام ضروری دستاویزات کو اکھٹا کرنا ہے۔ یہ عمل نہ صرف بے حد اہم ہے بلکہ بہت تھکا دینے والا اور وقت لینے والا بھی ہے۔ کئی دفعہ امیدوار وقت پر متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی درخواست مسترد کر دی جاتی ہے۔ عام طور پر زیادہ تر اسکالرشپس کے لئے درج ذیل دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے:

آپ کے آخری تعلیمی سال میں حاصل کی گئی ڈگری یا ڈپلوما؛

ٹرانسکرپٹس؛

زبان کے ٹیسٹ کے نتائج (IELTS ، TOEFL وغیرہ)؛

دیگر ٹیسٹس (GRE اور GMAT وغیرہ)؛

آپ کی یونیورسیٹی یا کالج کے پروفیسروں/ کام کے سپروائزروں کی طرف سے سفارشی خطوط؛

ریسرچ کے لئے مجوزہ موضوع؛

ملازمت کا ثبوت؛

کام کے نمونے یا شائع ہونے والے کام کی فہرست (اگر کوئی ہے)؛

سی وی؛

یونیورسٹی کی طرف سے مشروط داخلے کے لئے خط (یہ کچھ پروگراموں کے لئے درکار ہوتا ہے)؛ اور

حوصلہ افزائی کا خط (جسے ارادے کا خط یا مقصد کا بیان بھی کہا جاتا ہے ) یہ درخواست کا سب سے اہم حصہ ہوتا ہے کیونکہ یہ آپ کو دوسرے امید واروں سے نمایاں کرتا ہے۔ آپ کو یہ خط لکھنے کے لئے کئی ہفتے صرف کرنا چاہئیں اور اسے بہترین بنانے کے لئے نظرثانی کرتے رہنا چاہیئے، ایسا کرنا بہت اچھا ہے۔ آپ گوگل پر دستیاب دوسرے نمونے دیکھ سکتے ہیں لیکن کبھی بھی کسی دوسرے امید وار کے حوصلہ افزائی کے خط کی نقل نہ کریں۔ یہ آپ کے منتخب ہونے کے امکانات کو بہت حد تک کم کر سکتا ہے۔ سرقہ، حتیٰ کہ ایک چھوٹا

سا پیراگراف یا چند جملے بھی قابلِ قبول نہیں ہوتے ۔

یاد رکھیئے کہ یہ دستاویزات اکھٹی کرنے کے لئے خاصا وقت درکار ہوتا ہے۔ خاص طور پر بہت سے طلباء کو اپنی دستاویزات کی تصدیق، اپنے پروفیسروں / کام کے سپروائزروں سے سفارشی خطوط لکھوانے، زبان کے اور / یا دیگر ٹیسٹس میں شرکت اور نتائج کا انتظار کرنے کی ضرورت پڑتی ہے لہٰذا اس عمل کے لئے کئی ماہ صرف کرنے کے لئے تیار رہیں، بالخصوص اگر آپ کی دستاویزات مطلوبہ حالت میں نہیں۔

4۔ انٹرویو

اگر آپ ایک مکمل درخواست جمع کرواتے ہیں جو اہلیت کے معیار پر پوری اترتی ہے تو ہو سکتا ہے کہ آپ کو تصدیقی ای میل موصول ہو کہ آپ کی درخواست موصول ہو گئی ہے۔ کچھ پروگرام امیدواروں کو چھ ماہ تک انتظار کے لئے کہتے ہیں جبکہ کچھ براہِ راست یا سکائپ کے ذریعے انٹرویو لیتے ہیں۔ اگر آپ کو انٹرویو کے لئے منتخب کر لیا جاتا ہے تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو کچھ آپ نے درخواست میں لکھا ہے وہ آپ کو یاد ہے اور آپ سوالات کے جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ یوٹیوب جیسی ویب سائٹس پر نمونے کے لئے بہت سے انٹرویو دستیاب ہوتے ہیں، لہٰذا انٹرویو کے بارے میں اندازہ لگانے کے لئے ہمیشہ انہیں دیکھیں۔

5۔ انتظار کی مدت

درخواست اور انٹرویو کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد یہ صبر کا مظاہرہ کرنے کا وقت ہے۔ اپنی ای میل (سپام فولڈرز سمیت )باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں!

6 – ۔ نتائج 

اگر آپ خوش قسمت ہیں تو آپ کو پہلی کوشش کے بعد ہی اسکالرشپ دے دی جائے گی، تاہم بہت سے کامیاب امیدوار کئی بار کوشش کرنے کے بعد بھی اسکالرشپ حاصل کر پاتے۔ مسترد کیا جانا یا اسکالرشپ کے بغیر داخلہ ملنا بہت مایوس کن ہو سکتا ہے لیکن بہت سے طلباء یہ بات نہیں سمجھتے کہ ہو سکتا ہے کہ ان کی درخواست کسی دوسرے امیدوار کی درخواست جتنی اچھی نہ ہو۔ کچھ امیدواروں کو اہلیت کے معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے مسترد کیا جاتا ہے، مثلاً اگر ان کا تعلیمی پسِ منظر ضرورت کے مطابق نہ ہو یا وہ اپنے مستقبل کے ارادوں کے بارے میں لاعلم ہوں، لہذا وہ پیچھے رہ جاتے ہیں۔ کئی دفعہ درخواست غیر تسلی بخش طریقے سے یا عجلت میں تیار کی جاتی ہے وغیرہ وغیرہ۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں تو درخواست دیتے رہیں۔ اس کے علاوہ اپنی تمام کوششیں ایک ہی جگہ پر صرف نہ کریں اور اپنے امکانات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے متعدد پروگراموں کے لئے درخواستیں دیں۔ وقت کے ساتھ آپ اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں اور یقیناً بہتر درخواست جمع کرواتے ہیں۔

جیسا کہ پہلے کہا گیا ہے، اچھی تیاری کے ساتھ آپ کی کامیابی کے امکانات کافی بڑھ جاتے ہیں، لہٰذا اگر آپ ایسے امیدوار ہیں جو اسکالرشپ پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو آج ہی مواقع تلاش کرنا اور درخواست دینا شروع کر دیں۔

مصنّف کے بارے میں :

سارا بی حیدر ایک فری لانس صحافی ہیں جو خواتین کے حقوق، ماحول، تعلیم اور حالاتِ حاضرہ پر لکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ فی الحال وہ صحافت میں ماسٹرز ڈگری کی طالبہ ہیں۔

Related Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *